صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری: دھمتوڑ–گلٹوک چیئر لفٹ کا معائنہ
ایبٹ آباد: صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ اور ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری کے تحت ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات محمد طارق نے دھمتوڑ–گلٹوک چیئر لفٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔یہ معائنہ کنٹرول روم میں موصول ہونے والی شکایت پر کیا گیا، جس میں نشاندہی کی گئی تھی کہ چیئر لفٹ کے کیبنز میں شیشوں کی عدم موجودگی کے باعث شدید سرد ہوا اندر داخل ہو رہی ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ مسئلہ بالخصوص خراب اور سرد موسمی حالات میں ایک سنگین نوعیت اختیار کر چکا تھا۔معائنے کے دوران شکایت درست پائی گئی۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ دھمتوڑ–گلٹوک چیئر لفٹ دھمتوڑ اور گلٹوک کے درمیان 3 تا 4 دیہات کے مکینوں کے لیے روزمرہ آمد و رفت کا ایک اہم ذریعہ ہے، جسے بڑی تعداد میں شہری استعمال کرتے ہیں۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات نے چیئر لفٹ کے مالک کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ فوری طور پر تمام کیبنز میں مناسب سلائیڈنگ کھڑکیاں بمعہ شیشہ نصب کی جائیں اور دونوں اطراف پردوں کا مناسب انتظام کیا جائے، تاکہ مسافروں کو سردی اور خراب موسم کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر مقررہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو قواعد و ضوابط کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ عوامی تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔


