ہزارہ

حویلیاں واقعہ: بلیک میلنگ سے تنگ آ کر خودکشی کرنے والی خاتون کے ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا اعلان

پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے صوبائی صدر عثمان خان جدون کا سپریم کورٹ تک جانے کا عزم

ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر عثمان خان جدون نے حویلیاں کے نواحی گاؤں کی رہائشی خاتون سے طلائی زیورات اور نقدی ہتھیانے کے بعد بلیک میلنگ اور حراسانی میں ملوث ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مظلوم خاندان کو انصاف دلانے کے لیے سپریم کورٹ تک جانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

میڈیا کو جاری بیان میں صوبائی صدر عثمان خان جدون نے ڈویژنل صدر چوہدری محمد نوید اور ضلعی صدر گل خان جدون کے ہمراہ کہا کہ جیسے ہی بلیک میلنگ کا یہ سنگین واقعہ سامنے آیا، پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزم کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج کروایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے خاتون سے طلائی زیورات اور نقدی ہتھیانے کے بعد مزید بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری رکھا، جس سے تنگ آ کر خاتون نے خودکشی کر لی اور جان کی بازی ہار گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس نے خاتون کا ہسپتال میں دیا گیا ویڈیو پیغام بھی محفوظ کر لیا ہے۔

عثمان خان جدون نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بلیک میلرز اور منشیات مافیا سرگرم ہیں، جس کے باعث آئے روز ایسے المناک واقعات پیش آ رہے ہیں۔

انہوں نے حویلیاں کی متاثرہ خاتون کے لواحقین کو مکمل انصاف دلانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ تک بھی جانا پڑا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس معاشرے کے ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور ظلم کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button