سندھ سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں سرور سمیجو کی ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی، 270 افسران کی ترقیوں کی منظوری

کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت صوبائی سلیکشن بورڈ ٹو کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ اطلاعات سندھ کے سینئر افسر، معروف ادیب، شاعر اور کالم نگار سرور سمیجو کو گریڈ 19 میں ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی دینے کی سفارش کی گئی۔
سرور سمیجو کو ادبی، فکری اور صحافتی خدمات کے باعث صوبے میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے اپنی طویل سرکاری ملازمت کے دوران عوامی آگاہی، ثقافتی فروغ اور سرکاری پالیسیوں کے ابلاغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی ترقی کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، خلوصِ نیت اور علمی خدمات کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں مختلف محکموں کے مجموعی طور پر 270 افسران کی ترقیوں کی منظوری دی گئی۔
محکمہ پولیس کے 43 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پیز) کو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (گریڈ 18) کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
محکمہ صحت کے 165 میڈیکل افسران کو سینئر میڈیکل آفیسر جبکہ 23 افسران کو سینئر ڈینٹل سرجن کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
اسی طرح محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کے 11 پروفیسرز کو گریڈ 19 میں ترقی دی گئی جبکہ محکمہ کالج ایجوکیشن کے 19 افسران کو چیف لائبریرین (گریڈ 19) مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔
مزید برآں، محکمہ سوشل ویلفیئر کے 6 افسران کو بھی ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔
یہ فیصلے حکومتِ سندھ کی جانب سے شفافیت، میرٹ اور ادارہ جاتی بہتری کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔


