جموں کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے،جہاں کے 96 فیصد مسلم سالہا سال سے حق خودارادیت کی جدوجہد کررہے ہیں، شیخ عبد الوحید
صدر مرکزی انجمن تاجران لیاقت باغ روڈ راولپنڈی شیخ عبد الوحید نے کہا کہ
جموں کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے،جہاں کے 96 فیصد مسلم سالہا سال سے حق خودارادیت کی جدوجہد کررہے ہیں،جنھیں انڈین فورسز اس جرم کی پاداش میں شہید کرتی آرہی ہے۔آج مقبوضہ کشمیر میں خون کی ندیاں بہ رہی ہیں۔دنیا بھر کے مسلمانوں اور اقوام متحدہ کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی اشد ضرورت ہے،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو جاگنا ہوگا،تاکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام آزادی کی فضا میں سکھ کا سانس لے سکیں۔ انھوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر راولپنڈی آرٹس کونسل میں پاسبان وطن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔شیخ عبدالوحید کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان کشمیر ہماری شہہ رگ ہے۔کشمیر میں قدرتی وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے سوچی سمجھی سازش کے تحت قبضہ کیا گیا۔دفاعی طور پر کشمیر پاکستان کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں کشمیر کی آزادی کی جنگ آزاد کشمیر کو ساتھ مل کر لرنا ہوگی۔جنرل اسمبلی کو جگانے کی ضرورت ہے،مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سید علی گیلانی کے بعد ایک ایسا شخص نہیں آیا جو بند دروازوں پر دستک دیتا ،کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کا علم بلند کرتا۔شیخ عبد الوحید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے قتل و غارتگری نے ثابت کیا کہ انڈیا میں جمہوریت کا وجود نہیں۔اگر تمام مسلمان یکجا ہو جائیں تو بھارتی حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گی۔


