مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا
مانسہرہ: ضلع مانسہرہ میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، اور پولیو ٹیموں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ڈی پی او مانسہرہ کے مطابق، پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لئے 1912 پولیس افسران و جوان تعینات کیے گئے ہیں جو اپنی ذمہ داریاں انتہائی مستعدی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ پولیو مہم کے دوران پولیس افسران بذات خود پولیو ٹیموں کی نگرانی کریں گے۔پولیو ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو ڈی پی او مانسہرہ کی ہدایت پر پہلے سے بریفنگ دی گئی ہے، جس میں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے اپنے متعلقہ تھانوں اور سرکلز میں نفری کو مہم کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔ پولیو ٹیموں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں مستقل معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اس قومی مہم کو کامیاب بنائیں.


