
اسلامی دنیا میں روحانیت، عبادت اور صبر کے مقدس مہینے رمضان الکریم 1447 ہجری کے آغاز کا باضابطہ کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اس بابرکت مہینے کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ فلکیاتی اندازوں کے مطابق رمضان المبارک کا آغاز فروری 2026 کے وسط میں متوقع ہے، جہاں چاند نظر آنے کی صورت میں رمضان کا پہلا روزہ 18 یا 19 فروری 2026 کو رکھا جا سکتا ہے، جبکہ رمضان کی پہلی شب 17 یا 18 فروری کو ہو سکتی ہے۔
رمضان المبارک کے قریب آتے ہی مساجد، مدارس اور دینی مراکز میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تراویح، درسِ قرآن، ذکر و اذکار اور فلاحی سرگرمیوں کے سلسلے تیز ہو گئے ہیں، جبکہ گھروں میں بھی سحری و افطاری کے انتظامات، عبادات کے معمولات اور روزہ رکھنے کی تیاری جاری ہے۔ علمائے کرام کا کہنا ہے کہ رمضان صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ تقویٰ، صبر، اخلاص اور خدمتِ انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی کیلنڈر قمری نظام پر مبنی ہونے کے باعث رمضان المبارک ہر سال گریگورین کیلنڈر کے مطابق تقریباً 10 سے 11 دن پہلے آتا ہے، جبکہ اس کا حتمی آغاز چاند دیکھنے سے مشروط ہوتا ہے۔ رمضان کے آغاز اور اختتام کا باقاعدہ اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی یا متعلقہ مذہبی ادارے کریں گے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مستند اعلان کا انتظار کریں اور اس مقدس مہینے کو بھرپور عبادات اور نیکیوں کے ساتھ گزارنے کی تیاری کریں۔


