وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی شدید برفباری کے دوران قومی شاہراہوں کی بحالی پر این ایچ اے کی تعریف
مرّی، چترال، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مشکل حالات کے باوجود ٹریفک رواں رکھنے پر فیلڈ اسٹاف کو خراجِ تحسین

وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باوجود قومی شاہراہوں اور موٹرویز کو فعال رکھنے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کی ٹیموں نے انتہائی مشکل حالات میں جس محنت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے اور اس سے عوام کو بلا تعطل سفری سہولت میسر آئی۔
اسلام آباد میں جاری اپنے ایک خصوصی بیان میں وفاقی وزیر نے مرّی، چترال، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے دشوار گزار علاقوں میں فرائض انجام دینے والے این ایچ اے کے فیلڈ اسٹاف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ این ایچ اے کے محنتی ورکرز اور فیلڈ عملہ ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو انتھک محنت کے ذریعے سڑکوں کی بروقت بحالی کو یقینی بناتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مرّی ایکسپریس وے اور دیگر اہم شاہراہوں پر مسلسل نمک کا چھڑکاؤ، بھاری مشینری کی بروقت تعیناتی اور فوری اقدامات کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی برقرار رکھی گئی بلکہ حادثات سے بھی بچاؤ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کی پیشگی منصوبہ بندی اور فعال ردِعمل نے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔
آئندہ دنوں میں متوقع برفباری کے پیشِ نظر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ مکمل طور پر الرٹ اور تیار رہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی شاہراہوں پر بلا تعطل آمد و رفت کی فراہمی اور عوام کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر نے سیاحوں اور مسافروں سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکل علاقوں میں فیلڈ اسٹاف کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ محفوظ اور خوشگوار سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔



