قومی

ملتان کے تاریخی ورثے کی بحالی میں اٹلی کا کردار قابلِ تحسین ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

پاکستان اور اٹلی کے درمیان ثقافتی، معاشی تعاون اور افرادی قوت کے تبادلے کو فروغ دینے پر زور

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملتان کے تاریخی ورثے کی بحالی میں اٹلی کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت نہایت قابلِ تحسین ہے اور اس تعاون نے شہر کی قدیم تہذیب اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں تعینات اٹلی کی سفیر مریلینا آرميلن کے اعزاز میں ملتان میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر کہی۔

عشائیے سے قبل چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اطالوی وفد کے درمیان ایک تفصیلی ملاقات بھی ہوئی، جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوستانہ تعلقات، معاشی تعاون، سماجی روابط، ثقافتی تبادلوں اور تاریخی ورثے کے تحفظ سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں اطالوی سفیر مریلینا آرميلن کے علاوہ ڈومینیکو پولونی اور آگسٹو پالمیری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اٹلی کے تعاون سے ملتان کے مختلف تاریخی دروازوں کی بحالی ممکن ہوئی، جو شہر کی صدیوں پر محیط تاریخ اور ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان اور روم کے تاریخی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں اور ثقافتی تعاون دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور اٹلی مستقبل میں بھی تاریخی ورثے کے تحفظ، ثقافتی تبادلوں اور معاشی شراکت داری کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اطالوی سفیر مریلینا آرميلن نے گفتگو کے دوران بتایا کہ اٹلی پاکستان سے افرادی قوت حاصل کرنے کا خواہاں ہے اور آئندہ مرحلے میں تقریباً دس ہزار ویزے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ملتان میں جلد ایک ویزا سینٹر قائم کیا جا رہا ہے، جہاں ورکرز کو این او سی کے اجرا سمیت دیگر ضروری سفری اور انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے جنوبی پنجاب کے شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

عشائیے میں رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی، رکن صوبائی اسمبلی سید علی حیدر گیلانی، مخدوم سید ابو الحسن گیلانی سجادہ نشین دربار حضرت موسیٰ پاک شہید، صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بختاور تنویر، سابق ایم پی اے احمد مجتبیٰ گیلانی، صنعت کار چوہدری ذوالفقار انجم، خواجہ انیس اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

  • شرکاء نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، ثقافتی ورثے کے تحفظ، معاشی شراکت داری اور افرادی قوت کے تبادلے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button