ہزارہ

وادی کاغان میں پائیدار سیاحت کے فروغ کیلئے ٹورازم ماسٹر پلاننگ مشاورتی ورکشاپ

صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام وادی کاغان میں سیاحت کے فروغ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹورازم ماسٹر پلان کی تشکیل پر مشاورتی ورکشاپ ناراں میں منعقد ہوئی۔ ورکشاپ کا انعقاد اربن پالیسی یونٹ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے کیا گیا جس میں مختلف محکموں کے افسران، ماہرین، ہوٹلز ایسوسی ایشن، جیپ ایسوسی ایشن کے عہدیداران، مقامی سیاسی اور سماجی عمائدین نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شبیر خان نے کہا کہ وادی کاغان میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے بہتر منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مشاورتی ورکشاپ کا مقصد مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انفراسٹرکچر کی بہتری، وادی کے قدرتی حسن کا تحفظ، ماحولیاتی آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی اور سیاحوں کے لیے جدید سہولیات کے منصوبوں میں مقامی اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز و آراء کو شامل کرنا ہے تاکہ ایک جامع اور مؤثر ماسٹر پلان تشکیل دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے مستقبل میں سیاحتی سرگرمیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے، تاکہ سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وادی کی خوبصورتی اور ماحول کا بھی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر عمائدین علاقہ اور ہوٹلز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شبیر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی کی بدولت وادی کاغان میں مثبت اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی بدولت نہ صرف سیاحوں کو زیادہ سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
*

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button