شرجیل انعام میمن کا کراچی فلم اسکول کا دورہ، طلبہ و طالبات سے ملاقات
سندھ حکومت فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ اور نوجوانوں کی تربیت میں بھرپور تعاون کرے گی

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ، شرجیل انعام میمن نے کراچی فلم اسکول کورنگی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسکول کی تیار کردہ فلموں کی اسکریننگ میں شرکت کی اور طلبہ و طالبات سے گفتگو کی۔ طلبہ نے اپنے پروجیکٹس کے بارے میں وزیر کو تفصیل سے آگاہ کیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی فلم اسکول پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو فلم سازی میں ایک سالہ ڈپلوما فراہم کرتا ہے اور اس کا قیام نوجوانوں کو اپنا کیریئر بنانے اور مثبت پیغام دنیا تک پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بنائی گئی فلموں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے اور بھارتی فلموں کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور فلم فیسٹیول میں اچھے اسکرپٹ کے لیے حکومت اخراجات فراہم کرے گی۔ فلم اسکول کے طلبہ کی فیس میں پچاس فیصد کمی کے لیے بھی حکومت سے بات کی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے امید ظاہر کی کہ اسی اسکول کے طلبہ مستقبل میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمیں بنائیں گے اور کہا کہ پاکستان میں لاکھ گنا بہتر ٹیلنٹ موجود ہے جو دنیا میں ملک کا مثبت چہرہ پیش کر سکتا ہے۔


