ہزارہ

تمباکو مصنوعات سے نوجوان نسل کو بچانا پہلی ترجیح ہے ڈائریکٹر تمباکو کنٹرول سیل اجمل شاہ

ایبٹ آباد (نمائندہ نوائے ھزارہ) صوبائی ڈائریکٹر تمباکو کنٹرول سیل اجمل شاہ نے کہا ہے کہ تمباکو مصنوعات سے نوجوان نسل کو بچانا پہلی ترجیح ہے۔ جس کے لیے تمام شعبہ ہائے زندگی کو مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل ٹریڈ فیڈریشن ایبٹ آباد کے دفتر میں تاجر رہنماؤں کے ساتھ منعقدہ پروگرام کے دوران کیا۔ پروگرام نظامت کے فرائض ڈسٹرکٹ کنسلٹنٹ اسد خان جدون ایڈووکیٹ نے ادا کیے جبکہ صدر آل ٹریڈ سردار شاہ نواز اور جنرل سیکرٹری سجاد خان جدون نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجمل شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں تمباکو سے روزانہ ہونے والی اموات کی تعداد 447 ہے اور سالانہ ایک لاکھ سڑسٹھ ہزار بنتی ہے جو بہت خطرناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی شقیں دائرہ کار کے تحت عملدرآمد کی متقاضی ہیں۔ انھوں نے تاجروں پر زور دیا کہ تمباکو کی تشہیر، سپانسر شپ، مفت تحائف، کم قیمت اور اٹھارہ سال سے کم شہریوں کو تعلیمی اداروں کے پچاس میٹر دائرہ میں فروخت پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اجمل شاہ نے کہا سکول یونیفارم میں ملبوس طلباء و طالبات کی شیشہ کیفوں میں موجودگی جیسے واقعات افسوسناک ہیں۔ جبکہ تحقیقات کے دوران وہاں چرس کے استعمال جیسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے تمباکو کی تمام مصنوعات کی فروخت میں قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھنے اور روک تھام کی ضرورت ہے۔ صدر آل ٹریڈ سردار شاہ نواز نے تمباکو روک تھام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دیانہ کرواتے ہوئے تاجروں کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ جنرل سیکرٹری آل ٹریڈ سجاد خان جدون نے بتایا کہ ان کی تنظیم کم و بیش بیس کلومیٹر دائرے میں تاجروں کی نمائندگی کر ر ہی ہے۔ اور ماضی کی طرح آل ٹریڈ آنے والے وقت میں بھی ہر ممکن تعاون کرتی رہے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button