ایف بی آر کی اسلام آباد ویمن چیمبر کے لیے ٹیکس آگاہی سیشن، خواتین کاروباری افراد میں شعور اجاگر
ٹیکس ذمہ داریوں، رضاکارانہ تعمیل اور جدید اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ، خواتین کاروباری برادری کی بھرپور شرکت

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال کی ہدایات پر ٹیکس پیئرز سروسز ونگ (ٹی پی ایس) نے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی ڈبلیو سی سی آئی) کے لیے ایک جامع ٹیکس آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ یہ سیشن ایف پی سی سی آئی میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر کی خواتین چیمبرز کی نمائندگی موجود تھی۔
یہ سیشن ایف بی آر کی ممبر محترمہ تہمنہ عامر کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جس کا مقصد خواتین کاروباری افراد اور صنعت کاروں میں ٹیکس ذمہ داریوں، رضاکارانہ ٹیکس تعمیل اور ایف بی آر کی جانب سے متعارف کرائی گئی حالیہ اصلاحات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔
ایف بی آر کے وفد میں سیکریٹری ٹیکس ایجوکیشن اینڈ فسیلیٹیشن محمد مطیع الرحمن ممتاز، سیکنڈ سیکریٹری ٹیکس فسیلیٹیشن عبدالرحمان اور ٹیکس پیئرز سروسز ونگ کے دیگر افسران شامل تھے۔
اجلاس میں زوم کے ذریعے آئی ڈبلیو سی سی آئی کی نائب صدر قرۃ العین، بانی و صدر ثمینہ فاضل، سرگودھا ویمن چیمبر کی بانی شمیم آفتاب، پشاور اور ملاکنڈ کی خواتین چیمبرز کی ایگزیکٹو ممبران اور مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والی کاروباری خواتین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر آئی ڈبلیو سی سی آئی قرۃ العین نے ایف بی آر ٹیم کو خوش آمدید کہا اور قومی ترقی میں ٹیکس وصولی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خواتین کاروباری افراد کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
اس موقع پر سیکریٹری ٹیکس ایجوکیشن محمد مطیع الرحمن ممتاز نے ایف بی آر کے دائرہ اختیار اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے پوائنٹ آف سیل انٹیگریشن، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ڈیجیٹل انوائسنگ، فیس لیس کسٹمز سسٹم، کارگو ٹریکنگ سسٹم، ڈائریکٹ پورٹ ڈیلیوری سسٹم، ریوارڈ اینڈ ریٹنگ سسٹم اور ویڈیو اینالیٹکس جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ویڈیو اینالیٹکس کا نفاذ شوگر اور سیمنٹ سیکٹر میں مکمل ہوچکا ہے جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں اس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات سے شفافیت میں اضافہ، ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں بہتری، ٹیکس نیٹ میں وسعت اور ایف بی آر کے مثبت تشخص کو فروغ ملا ہے۔
شرکاء نے ٹیکس سے متعلق مختلف سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات ایف بی آر ٹیم نے دیے۔ خواتین کاروباری برادری نے رضاکارانہ ٹیکس تعمیل اور مثبت ٹیکس کلچر کے فروغ کے لیے ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہا۔
آخر میں سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا اور شرکاء میں یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے۔


