ہزارہ

پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ کے احکامات کی عدم پیروی پر سلہڈ کچرا کنڈی سے متاثرہ مکین سراپا احتجاج بن گئے

ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی)پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ کے احکامات کی عدم پیروی پر سلہڈ کچرا کنڈی سے متاثرہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔بدبو اور تعفن سے جلدی اور آنکھوں کے امراض میں اضافہ ،اہلیان علاقہ نے مطالبات کی عدم منظوری پر مین شاہراہ قراقرم پر ہر قسم کی ٹریفک کو جام کرکے دھرنا دینے کی دھمکی دی ہے۔اس حوالہ سے سلہڈ کچرا کنڈی کے بائر اہلیان علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ میں دائر رٹ پر تین مرتبہ متاثرہ مکینوں کے حق میں فیصلہ ہوا ہے ۔جب کہ ایک مرتبہ عدالت نے متعلقہ محکموں کو زمین میں گڑھا کرکے گندگی جمع کرنے کی ہدایات دی ہیں جس پر کسی قسم کا موقع پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔متعلقہ محکمے کھلے مقامات پر گندگی کے انبار لگا رہے ہیں ۔کچرا کنڈی سے متاثرہ افراد کا مذید کہنا تھا ایبٹ آباد سیاحتی علاقہ ہے جس کے آغاز پر سیاحوں کو بدبو اور گندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ کچرا کنڈی سے ملحقہ رہائشیوں کو سنگین قسم کے اثرات کا سامنا ہے ۔بدبو اور تعفن سے جلدی امراض میں مکین مبتلا ہو رہے ہیں اور متعدد افراد آنکھوں کے امراض میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں۔بدبو اور تعفن سے جینا ویسے ہی محال ہے اس کے علاوہ کچرا کنڈی پر ہر وقت سینکڑوں کتے منڈلاتے رہتے ہیں اور دودھ دینے والے مویشی بھی اسی جگہ جمع رہتے ہیں جو انسانی زندگیوں میں زہر گھولنے کے لئے کافی ہے۔متاثرہ افراد کا کہنا تھا صفائی کے زمہ دار محکمے واسا ،کینٹونمنٹ بورڈ عدالت کے احکامات کی کھلی دھجیاں بکھیر رہے ہیں جن کو واضح ہدایات جاری ہوئی ہیں وہ کچرا کھلا پھینکنے کے بجائے زمین کھود کر اس کو دفن کریں۔جب کہ کچرا کے لئے سرکاری طور پر حاصل کی گئی دہمتوڑ میں زمین کو استعمال میں نہیں لایا جا رہا ہے۔متاثرہ افراد نے دھمکی دی ہے ان کے حقوق کی حق تلفی کی جا رہی ہے اب صبر کا پیمانہ لبریز ہے ،صورتحال یونہی برقرار رہی تو سلہڈ کچرا کنڈی کے بائر مین شاہراہ قراقرم پر دھرنا دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔محکمے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر تلے ہوئے ہیں ارکان اسمبلی توجہ نہیں کررہے ہیں جس سے اہلیان علاقہ زہنی وجسمانی مریض بنتے جا رہے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button