آل کراچی ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کی شاندار افتتاحی تقریب
آصف موسیٰ کی قیادت میں باوقار ایونٹ، ایاز موتی والا نے افتتاحی شاٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کا آغاز کر دیا

کراچی میں آل کراچی ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس باوقار ایونٹ کا انعقاد آصف موسیٰ (ایم پی اے، پاکستان پیپلز پارٹی) کی قیادت میں کیا گیا، جس میں شہر کی ممتاز شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کراچی کی معروف کاروباری شخصیت ایاز موتی والا نے گیند کو زوردار ہٹ لگا کر کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خطیر کیش انعامات اور سونے کے خصوصی انعامات کا اعلان بھی کیا۔
تقریب میں دیگر معزز مہمانوں میں رؤف ناگوری (جنرل سیکریٹری کراچی، پاکستان پیپلز پارٹی)، جنید بلند (منسٹر اسٹیوٹا)، جانی میمن (صدر ڈسٹرکٹ کورنگی)، مدنی رضا (صدر کراچی پی ایس ایف)، افتخار حسین شاہ (انفارمیشن سیکریٹری کیماڑی ٹاؤن)، فرحان غنی (چیئرمین چنیسر ٹاؤن)، یاسر تنولی (وائس چیئرمین یو سی 10)، ذیشان تنولی (وائس چیئرمین یو سی 9، پاکستان پیپلز پارٹی) اور ذیشان چوہدری شامل تھے، جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ایونٹ کو سراہا۔
آرگنائزنگ کمیٹی میں شانی، حمزہ چوہان، یاسر محمود اور مشتاق بنیری شامل ہیں، جن کی انتھک کاوشوں سے یہ بڑا ایونٹ ممکن ہوا۔ منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جو شہر بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔
یہ ٹورنامنٹ نہ صرف کرکٹ کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ نوجوانوں کو صحت مند، مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ شہری حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے ایونٹس مستقبل میں بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے رہیں گے۔
رپورٹ: عبدالمومن


