قومی

کمشنر ہزارہ کی زیرِ صدارت دبیر ہائیڈرو پراجیکٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے اجلاس

سڑک کی بندش، دبیر-رینولیا روڈ کی تعمیر اور بنکھڈ میں سکول کے لیے اراضی کے امور پر غور

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت دبیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے مسائل کے حل کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سڑک کی بندش، دبیر-رینولیا روڈ کی تعمیر، اور بنکھڈ میں سکول کے لیے اراضی مختص کرنے کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

کمشنر ہزارہ نے کوہستان سے رکن قومی اسمبلی سردار ادریس اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی عبید الرحمٰن کی کاوشوں کو سراہا اور عوام کو ہدایت دی کہ منصوبے سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں احتجاج کے بجائے ضلعی انتظامیہ یا کمشنر آفس سے رجوع کریں تاکہ مسائل کا مناسب اور پائیدار حل نکالا جا سکے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ دبیر روڈ کے ایمرجنسی راستے پر دو ایکسکیویٹر مشینیں تعینات کی جائیں تاکہ ملبہ بروقت ہٹایا جا سکے اور سڑک کی بندش سے بچا جا سکے۔ جی ایم لینڈ اینڈ ری سیٹلمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ ٹینڈرنگ اور کنٹریکٹ ایوارڈ کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ دبیر-رینولیا روڈ کی تعمیر فوری شروع کی جا سکے۔

کمشنر نے ڈپٹی کمشنر لوئر کوہستان کو بھی ہدایت دی کہ ایم این اے کے ساتھ مشاورت کر کے بنکھڈ میں سکول کے لیے مختص اراضی پر اتفاقِ رائے کیا جائے تاکہ سکول کی تعمیر جلد شروع ہو سکے۔

اجلاس کے اختتام پر کمشنر ہزارہ نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے پاکستان کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہیں، اور ان میں تاخیر سے ملک و قوم کو نقصان پہنچتا ہے، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بروقت ادا کریں۔

رپورٹ: عبدالامین

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button