ہزارہ

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت سوشل ویلفیئر کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

پنجاب بھر میں ہمت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے ضلع جہلم نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے

جہلم (بیو ررپورٹر )ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت سوشل ویلفیئر کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد دور رس اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب بھر میں ہمت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے ضلع جہلم نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جہاں اب تک 626 ہمت کارڈز کی تقسیم مکمل ہو چکی ہے جبکہ مزید 416 کارڈز کی فراہمی پر کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع کے مزید 17 معذور افراد کے لیے امدادی آلات کی فراہمی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر جہلم نے معذور افراد کے سرکاری کوٹہ پر مکمل عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے مختلف اداروں میں بھرتی ہونے والے خصوصی افراد میں تقرری کے آرڈر بھی تقسیم کیے اور ہدایت کی کہ ان افراد کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم

کی جائیں۔ اجلاس میں خصوصی طور پر معذور امام مساجد کی مالی معاونت کے لیے انہیں فوری وظیفہ دینے کے حوالے سے اقدامات شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ شہر کے انفراسٹرکچر کو معذور افراد کے لیے سازگار بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ تمام کمرشل پلازوں اور بڑی بلڈنگز کے باہر خصوصی ریمپس بنائے جائیں تاکہ وہیل چیئر کے حامل افراد کو نقل و حرکت میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کا باوقار شہری بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button