خیبر پختونخوا میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب اہم قدم: وزیر تعلیم ارشد ایوب خان کا“اسٹینڈرڈ فار کوالٹی ایجوکیشن”کا افتتاح

ایبٹ آباد:خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم، ارشد ایوب خان نے جمعرات کے روز ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچر ایجوکیشن (ڈی سی ٹی ای)، خیبر پختونخوا ایبٹ آباد میں“اسٹینڈرڈ فار کوالٹی ایجوکیشن ان خیبر پختونخوا”منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ادارے کے ڈائریکٹر جعفر منصور عباسی نے صوبائی وزیر کو منصوبے کے اغراض و مقاصد، دائرہ کار اور متوقع نتائج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر اشفاق جدون، یونیسیف کے ایجوکیشن اسپیشلسٹ سید فواد شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (میل و فیمیل)، کالج پروفیسرز اور ڈی سی ٹی ای کا عملہ بھی موجود تھا۔
صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹینڈرڈ فار کوالٹی ایجوکیشن صوبے میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم ان معیارات کو یکساں طور پر پورے صوبے میں نافذ کرنے کے لیے جامع پالیسی مرتب کرے گا۔ انہوں نے ان معیارات کی تیاری میں تعاون پر یونیسیف کے کردار اور خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ارشد ایوب خان نے کہا کہ صوبائی حکومت بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور جدید تعلیمی رجحانات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ایک کامیاب انسان بن کر معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اساتذہ کو سازگار اور خوشگوار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ معیاری تعلیم کے عظیم مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔ صوبے میں بہترین تعلیمی خدمات کی فراہمی کے لیے 26 ہزار نئے اساتذہ کی بھرتی عمل میں لائی جا رہی ہے، تاکہ مربوط کوششوں اور جدید تدریسی طریقوں کے ذریعے بچوں کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم دی جا سکے۔


