کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی بڑی کارروائیاں، 51 کروڑ 53 لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان اور منشیات ضبط
مستونگ اور منی خوا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون

کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی متعدد کامیاب کارروائیوں کے دوران مستونگ اور منی خوا کے علاقوں سے اسمگل شدہ سامان اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی۔ ضبط کیے گئے سامان کی مجموعی عارضی مالیت 51 کروڑ 53 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔
برآمد ہونے والے سامان میں غیر ملکی منشیات چرس، چائنا نمک، سگریٹ اور مختلف اقسام کا الیکٹرانک سامان شامل ہے۔ یہ کارروائیاں مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئیں، جو کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی مؤثر اور فعال حکمتِ عملی کی عکاس ہیں۔
ان کارروائیوں سے اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف پاکستان کسٹمز کے عزم کا اظہار ہوتا ہے، جو قومی معیشت کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ ان آپریشنز کی کامیابی میں بلوچستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بروقت تعاون اور مؤثر ہم آہنگی نے اہم کردار ادا کیا۔
- فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایک بار پھر اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف سخت کارروائیوں اور قومی محاصل کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔






