پاکستان–جاپان گورنمنٹ–بزنس جوائنٹ ڈائیلاگ کا ٹوکیو میں انعقاد
8 سال بعد جاپان میں اجلاس، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور جاپان کے درمیان 8واں گورنمنٹ–بزنس جوائنٹ ڈائیلاگ 16 جنوری 2026 کو ٹوکیو میں منعقد ہوا، جو کہ سال 2018 کے بعد جاپان میں ہونے والا پہلا اجلاس تھا۔ اس مکالمے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور کاروباری روابط کو فروغ دینا تھا۔
مذاکرات کی مشترکہ صدارت رانا احسان افضل خان، کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت وزیر اعظم پاکستان، اور تاکوو کوموری، پارلیمانی نائب وزیر برائے معیشت، تجارت و صنعت جاپان نے کی۔ اجلاس میں عبدالحمید سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ سرکاری حکام اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول کی بہتری اور عملی و نتیجہ خیز تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے صنعت، ٹیکنالوجی، توانائی، انفراسٹرکچر اور افرادی قوت کی ترقی جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر زور دیا۔
جاپانی وفد نے پاکستان میں حالیہ اقتصادی اصلاحات کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ پاکستانی وفد نے جاپانی مہارت اور سرمایہ کاری کو پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
دونوں ممالک نے باہمی رابطہ مزید مضبوط بنانے اور طے شدہ فیصلوں پر بروقت عملدرآمد پر اتفاق کیا۔


