سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے صوبائی محتسب خیبر پختونخوا رباب مہدی کی ملاقات
خواتین کے وراثتی حقوق، ضم شدہ اضلاع کے مسائل اور شکایات کے ازالے کے نظام پر تفصیلی تبادلۂ خیال

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے صوبائی محتسب خیبر پختونخوا رباب مہدی نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں محتسب کے ادارے کی مجموعی کارکردگی، خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ، ضم شدہ اضلاع میں خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے گئے عملی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
صوبائی محتسب رباب مہدی نے سپیکر قومی اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محتسب خیبر پختونخوا خواتین کے حقوق کے تحفظ، بالخصوص وراثت سے محرومی کے خلاف مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے تاکہ خواتین کو فوری اور شفاف انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وراثتی تنازعات کے بروقت حل کے ذریعے خواتین کو ان کا قانونی حق دلانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رباب مہدی نے ضم شدہ اضلاع میں خواتین کو درپیش سماجی، قانونی اور انتظامی مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان علاقوں میں خواتین کو وراثت اور جائیداد کے حقوق سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محتسب کا ادارہ ان خواتین کے لیے امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے جو روایتی رکاوٹوں کے باعث انصاف تک رسائی حاصل نہیں کر پاتی تھیں۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی میں محتسب خیبر پختونخوا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق کی فراہمی ایک فلاحی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کے لیے محتسب خیبر پختونخوا کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں انصاف اور قانون کی بالادستی کو فروغ دیتے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ادارہ جاتی معاونت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اس ضمن میں قانون سازی اور اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران رباب مہدی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے اور پارلیمانی اصلاحات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا محتسب کے دفتر اور ویمن پارلیمانی کاکس کے درمیان قریبی روابط کو خواتین سے متعلق قانون سازی، پالیسی نگرانی اور قوانین کے مؤثر نفاذ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جائیداد اور وراثتی حقوق کے مؤثر نفاذ کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے قانونی اصلاحات، لینڈ ریکارڈ کے نظام میں بہتری اور جائیداد سے متعلق تنازعات کے بروقت حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات خواتین کے جائز وراثتی حقوق کے تحفظ، شفافیت، انصاف اور قانون کی بالادستی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔
- ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں فریقین نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



