قومی

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری، لاکھوں شہری مستفید

موٹروے پولیس نے ایمرجنسی معاونت، ٹریفک قوانین کے نفاذ اور عوامی خدمت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں

اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں ادارے کی نمایاں کامیابیوں اور اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 18 ہزار سے زائد مسافروں کو دورانِ سفر ایمرجنسی مدد اور بروقت طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ ٹول فری ہیلپ لائن 130 کے ذریعے 54 لاکھ سے زائد شہریوں کی رہنمائی کی گئی۔

موٹروے پولیس کی جانب سے سال 2025 کے دوران 18 ہزار 500 ڈرائیونگ لائسنس، 103 کمرشل (سی ای کیٹیگری) لائسنس اور 1,480 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹس جاری کیے گئے۔ عوام میں ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کے فروغ کے لیے 2,674 روڈ سیفٹی آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے۔

دورانِ سفر گم ہونے والی قیمتی اشیاء جن میں سونے کے زیورات، 186 موبائل فونز، 48 بٹوے اور 331 دیگر اشیاء شامل ہیں، برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کی گئیں۔ اس کے علاوہ 48 چوری شدہ اور 17 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کر کے متعلقہ حکام اور مالکان کے حوالے کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق 169 لاپتہ بچوں کو بحفاظت ان کے اہل خانہ سے ملایا گیا، جبکہ 70 خطرناک مجرموں کو گرفتار کر کے متعلقہ ضلعی پولیس کے حوالے کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 29 غیر قانونی اسلحہ، 1,349 گولیاں، 309 کلو گرام منشیات، 2,450 لیٹر شراب اور 10 ہزار سے زائد نان کسٹم پیڈ سگریٹ کے کارٹن برآمد کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیے گئے۔

موٹروے پولیس نے 7 اسمگلنگ کی کوششوں اور 6 ڈکیتی کے واقعات کو بھی ناکام بنایا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 1 کروڑ 32 لاکھ سے زائد چالان جاری کیے گئے، جبکہ تیز رفتاری اور سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف مہم کے دوران 11 ہزار سے زائد ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

سال 2025 میں مجموعی طور پر 690 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 349 مہلک اور 341 غیر مہلک حادثات شامل ہیں۔ موٹروے پولیس کی سوشل میڈیا ٹیم اور ایف ایم 95 ریڈیو کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک صورتحال اور روڈ سیفٹی سے مسلسل آگاہ رکھا گیا، جبکہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ماہانہ کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا جاتا رہا۔

رپورٹ میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بلا امتیاز قانون کے نفاذ کے ساتھ اعلیٰ ترین عوامی خدمت کے معیار پر کاربند ہے اور شہریوں کے لیے محفوظ، باوقار اور پُرامن سفر کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button