ڈپٹی کمشنر ہریپور کی زیرِ صدارت نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے اعزاز میں تقریب
ضلع ہریپور میں نو تعینات اساتذہ کی حوصلہ افزائی، معیاری تعلیم کے فروغ پر زور

صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلع ہریپور میں نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کرام کے اعزاز میں ڈپٹی کمشنر آفس ہریپور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر ہریپور وسیم احمد نے کی۔ اس تقریب کا مقصد نو تعینات اساتذہ کرام کو خوش آمدید کہنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور تعلیمی شعبے میں ان کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہریپور وسیم احمد نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، محنت اور لگن کے ساتھ انجام دیں تاکہ طلبہ کو ایک بہتر، مثبت اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ ہریپور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ تعلیمی معیار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کرام نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ہریپور کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قومی تعلیمی اہداف کے حصول اور مستقبل کی نسلوں کی بہتر تربیت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے


