
اگر واقعی پاکستان سے محبت ہے، تو یہ محبت صرف جذباتی نعروں یا جشنِ آزادی کی رنگین جھنڈیوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ حب الوطنی کا مطلب محض قومی ترانے کے احترام یا پرچم لہرانے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مسلسل اور سنجیدہ طرزِ زندگی ہے جو ہر لمحہ اپنی زمین، اپنے معاشرے، اپنے وطن کے ساتھ وفاداری کا تقاضا کرتا ہے۔آج ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانک کر یہ سوال کرنا ہوگا۔کیا ہم واقعی پاکستان سے پیار کرتے ہیں۔
کیا ہماری زبان، ہمارے عمل، ہماری نیت، ہماری روزمرہ زندگی اس دعوے کی گواہی دیتی ہے۔کیا ہم اپنے گھر، اپنی گلی، اپنے محلے، اپنے گاؤں، اپنے شہر اور پھر ملک کی بہتری کے لیے کچھ کر رہے ہیں۔
پیارے لوگو،اسلام نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے۔ یہی فلسفہ حب الوطنی کی بنیاد بھی ہے۔ اگر ہم واقعی پاکستان سے محبت رکھتے ہیں تو پھر ہمیں سب سے پہلے اپنی گلی، محلے، اسکول، بازار، مسجد، دفتر اور سڑک کو صاف رکھنا ہوگا۔ آج بھی ہم میں سے اکثر افراد اپنے گھروں کا کوڑا باہر گلی میں پھینک دیتے ہیں، نالیاں بند کرتے ہیں، سڑکوں پر تھوکتے ہیں، اور پھر حکومت کو برا بھلا کہتے ہیں۔ کیا یہ حب الوطنی ہے۔یاد رکھیے، صاف ستھرا ماحول ایک مہذب قوم کی پہچان ہوتا ہے۔ کوئی بھی مہذب ملک تب ہی ترقی کرتا ہے جب اس کے شہری اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ صفائی صرف میونسپل کارپوریشن یا بلدیہ کی ذمہ داری نہیں، یہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے۔ درجہ حرارت میں اضافہ، پانی کی قلت، بارشوں کی بےقاعدگی اور فضائی آلودگی ہمارے وطن کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ ایسے میں درخت لگانا صرف ایک ماحولیاتی خدمت نہیں بلکہ حب الوطنی کی عملی مثال ہے۔ درخت لگانا ایسا صدقہ جاریہ ہے جس سے نہ صرف انسان بلکہ جانور، پرندے، فضا اور زمین سب مستفید ہوتے ہیں۔اپنے بچوں کو درخت لگانے کا شعور دیں۔ اپنے اسکول، کالج، مسجد، مدرسے اور گلی میں ہر فرد ایک درخت لگائے تو پورا ملک سرسبز ہو سکتا ہے۔ ہمیں ’سرسبز پاکستان‘ کو محض حکومتی نعرہ نہیں بلکہ اپنی قومی ذمہ داری بنانا ہوگا۔پاکستان پانی کی قلت کا شکار ہے۔ آنے والے دنوں میں ہمیں شدید پانی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر ہم نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ہمیں بہت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ نل کھلا چھوڑ دینا، وضو یا نہانے میں پانی ضائع کرنا، گاڑیوں کو ہوز کے ساتھ دھونا، یہ سب وہ افعال ہیں جو قومی سرمائے کو ضائع کرنے کے مترادف ہیں۔
کیا ایک محب وطن شخص اپنی زمین کی سانسوں کو یوں ضائع کرتا ہے۔پانی کی ایک ایک بوند کی قدر کرنا حب الوطنی کا تقاضا ہے۔ ہمیں بچوں کو پانی کے صحیح استعمال کی تربیت دینی ہوگی، تاکہ آنے والی نسلیں پانی کے لیے ترسنے نہ لگیں۔قومیں میدانِ جنگ میں نہیں، بلکہ ماؤں کی گود، اور استاد کی درسگاہ میں بنتی ہیں۔ اگر ہمیں ایک باوقار، ایماندار، محب وطن اور باعمل پاکستان چاہیے تو ہمیں اپنے بچوں کی تربیت کرنی ہوگی۔
محض اچھے اسکولوں میں داخلہ، یا مہنگی تعلیم ہی کافی نہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو سچ بولنے، وعدہ پورا کرنے، بڑوں کا احترام کرنے، چھوٹوں پر شفقت کرنے، اور وطن کی خدمت کا شعور دینا ہوگا۔کیا ہم نے کبھی اپنے بچوں کو قائداعظم، علامہ اقبال، مادرِ ملت، یا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی زندگی کے واقعات سنائے۔کیا ہم نے کبھی انہیں بتایا کہ پاکستان کن قربانیوں سے حاصل ہوا؟
اگر نہیں تو پھر یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم وطن پرستی کوبچوں کے کردار کا حصہ بنائیں۔ایک محب وطن صرف حکومت یا اداروں کا وفادار نہیں ہوتا، وہ اپنی ذات سے لے کر خاندان، محلے، معاشرے اور پھر وطن تک محبت کا سفر طے کرتا ہے۔ اگر ایک شخص اپنے والدین کا احترام نہیں کرتا، بہن بھائیوں کے ساتھ جھگڑتا ہے، پڑوسی کو تکلیف دیتا ہے، تو وہ ملک سے وفاداری کا دعویٰ کیسے کر سکتا ہے۔رشتوں کا احترام، صلہ رحمی، برداشت، رواداری، قربانی، ایثار – یہ سب وہ اوصاف ہیں جو ایک مہذب، باوقار اور محب وطن قوم کا چہرہ ہوتے ہیں۔ جب ایک خاندان خوشحال ہوگا، تبھی ایک معاشرہ ترقی کرے گا۔ جب معاشرہ ترقی کرے گا تو وطن ترقی کرے گا۔ہم اکثر جنگ یا کرکٹ میچ جیتنے پر حب الوطنی کے جوش میں آجاتے ہیں۔ نعرے لگاتے ہیں، پرچم لہراتے ہیں، قومی ترانے گاتے ہیں۔ لیکن کیا یہ وقتی جوش ہی کافی ہے۔پیارے لوگو!حب الوطنی صرف وقتی جذبہ نہیں، یہ ایک مستقل طرزِ حیات ہے۔حب الوطنی تب ہے جب آپ امانت میں خیانت نہیں کرتے، حب الوطنی تب ہے جب آپ جھوٹ بولنے سے گریز کرتے ہیں، حب الوطنی تب ہے جب آپ ٹیکس دیتے ہیں، جب آپ ٹریفک قوانین کا احترام کرتے ہیں، جب آپ بجلی چوری نہیں کرتے، جب آپ میرٹ کا ساتھ دیتے ہیں۔پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ یہ نوجوان نسل اگر شعور، ایمانداری اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کی راہ سے نہیں روک سکتی۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم نوجوانوں کو صرف ڈگریاں نہ دیں، انہیں شعور، آگہی، ذمہ داری اور احساس دیں۔سوشل میڈیا پر وقت ضائع کرنے کی بجائے نوجوانوں کو ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ وال چاکنگ، جھوٹے پروپیگنڈے، اور نفرت کے بیج بونے سے بچنا ہوگا۔ ہر نوجوان ایک محب وطن سفیر بن کر اپنے حلقے میں شعور پھیلائے، درخت لگائے، صفائی کرے، خون عطیہ کرے، رضاکار بنے۔
میڈیا کا کردار بھی اس حوالے سے انتہائی اہم ہے۔ ٹی وی چینلز، ریڈیو، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو چاہیے کہ وہ وطن سے محبت کو فروغ دیں۔ حب الوطنی پر مبنی ڈرامے، ڈاکیومنٹریز، کالمز، اور تحریریں شائع کی جائیں۔اسی طرح تعلیمی نصاب میں صرف نظریہ پاکستان یا قرارداد پاکستان کو پڑھانے سے حب الوطنی نہیں آتی، اس کے لیے عملی سرگرمیوں، مباحثوں، ترغیبات، اور قومی خدمت کے پروگرامز کی ضرورت ہے۔ طلبہ کو اسکولوں اور کالجوں میں محب وطن بننے کی عملی تربیت دی جائے۔دیہات پاکستان کی روح ہیں۔ وہاں کی مٹی، خلوص، سادگی، مہمان نوازی، محنت، غیرت اور روایات حب الوطنی کا اصل رنگ ہیں۔ اگر ان علاقوں میں تعلیم، شعور اور وسائل مہیا کیے جائیں تو یہ وطن کا مضبوط ترین قلعہ بن سکتے ہیں۔ ہر گاؤں وطن کے لیے ایک سرمائے کی حیثیت رکھتا ہے۔آخر میں یہی کہنا چاہوں گا کہ وطن سے محبت صرف حکومت یا افواج پاکستان کی ذمہ داری نہیں، یہ ہر فرد کا مشن ہونا چاہیے۔ استاد، طالب علم، کسان، ڈاکٹر، انجینئر، سپاہی، تاجر، خاتون خانہ، بچے، بوڑھے , سب کو اپنے حصے کا چراغ جلانا ہوگا۔
یہی حب الوطنی ہے۔ یہی پاکستان سے پیار ہے۔
پاکستان زندہ باد



