آج کے کالمزکالمز

جنگلات کا فروغ خیبرپختونخوا حکومت کی سنجیدہ کوششیں

ضلع مانسہرہ میں کہیاں بلاک تیزی سے گھنے جنگل میں تبدیل ہو رہا ہے

تحریر۔ محمد طیب، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ

روئے زمین پر اللہ تعالیٰ نے بہت سی مخلوقات پیدا کی ہیں جن کی بقا ء کے لئے بھی اللہ تعالیٰ نے پورا انتظام کیا ہے، انسانی بقا کے لئے دیگر ضروریات کے ساتھ ساتھ آکسیجن بھی انتہائی ضروری ہے جس کے بغیر انسان کی بقا کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، روئے زمین پر آکسیجن کی ضروریات کو پورا کرنے اور مضر صحت کاربن گیسوں کو جذب کرنے کا سب سے اہم ذریعہ درخت ہیں، پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کو اللہ تعالیٰ نے خوبصورت پہاڑوں،وادیوں، جنگلات اور حسین سیاحتی مقامات سے نوازا ہے، درخت صوبے اور سیاحتی مقامات کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہیں، جو نہ صرف جانوروں کا مسکن ہیں بلکہ انسانوں کو بھی اپنی طرف مائل کرتے ہیں، پاکستان کے زیادہ تر جنگلات خیبرپختونخوا میں واقع ہیں۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا میں جنگلات کے شعبے کو اولین ترجیح دی ہے، خیبرپختونخوا میں برسر اقتدار آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے جنگلات کے شعبے پر خصوصی توجہ دی، صوبے میں جنگلات کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت نے بلین ٹری سونامی شجرکاری منصوبہ شروع کیا جس کے تحت وسیع رقبے پر مختلف علاقوں کی آب و ہوا کی مناسبت سے مختلف انواع کے پودے لگائے گئے، جس کے تحفظ کے لئے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں سمیت نگہبان فورس نے بھی فرائض سر انجام دئیے، جہاں ایک طرف جنگلات کے فروغ کے لئے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے اپنی توانائیاں صرف کیں تو دوسری طرف جنگلات کے تحفظ کے لیے بھی محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے جانیں قربان کیں جن کی یاد میں فارسٹ سکول تھائی ایبٹ آباد میں یادگار شہداء بھی تعمیرکی گئی، صوبائی حکومت کی جانب جنگلات کے فروغ کے لیے ایسا ہی ایک منصوبہ بلین ٹری سونامی کے فیز ٹو کے تحت ضلع مانسہرہ کے اگرورتناول فارسٹ ڈویژن کے کہیاں بلاک میں 2015 میں شروع کیا گیا جسے ایک سال کے اندر مکمل کیا گیا، کہیاں پلانٹیشن کے نام سے شروع کردہ منصوبے میں مجموعی طور پر 179 ہیکٹرز رقبے پر چیڑھ اور بکائن سمیت مختلف انواع کے پودے لگائے گئے، کہیاں پلانٹیشن 167 ہیکٹرز، گزارہ جنگلات جبکہ 12 ہیکٹرز پرائیویٹ جنگلات پر مشتمل ہے جس کے تحفظ کے لئے مقامی کمیونٹی بھی کردار ادا کررہی ہے، اگرور تناول فارسٹ ڈویژن میں شجرکاری سے پہلے مذکورہ بلاک میں درخت نہ ہونے کے برابر تھے لیکن خیبرپختونخوا حکومت کی کاوشوں سے کہیاں تیزی سے ایک گھنے جنگل میں تبدیل ہونے جارہا ہے جو نہ صرف موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ میں معاون ثابت ہورہا ہے بلکہ جنگلی حیات کا مسکن بھی بن گیا ہے، خیبرپختونخوا میں کہیاں پلانٹیشن کی کامیابی خیبرپختونخوا حکومت کی جنگلات کے فروغ اور پائیدار تحفظ کے عزم کی عکاسی ہے، یہ منصوبہ اور محکمہ جنگلات کے دیگر منصوبے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور ماحولیاتی بہتری میں مددگار ثابت ہوں گے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان بھی جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں، محکمہ جنگلات کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے
معاون خصوصی پیر مصور خان کی زیرصدارت باقاعدگی سے اجلاسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، گزشتہ ہفتے معاون خصوصی پیر مصور خان نے ہزارہ ڈویژن میں جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ہزارہ ڈویژن کا تین روزہ دورہ بھی کیا جہاں انھوں نے جنگلات، مختلف نرسریوں اور محکمہ جنگلات کے دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں، انھوں نے جنگلات کی پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے افسران کو موسم بہار کی شجرکاری کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی بھی ہدایات جاری کیں، انھوں نے کہا کہ موسم بہار شجرکاری کے تحت پورے صوبے میں تقریباً 26 لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں،معاون خصوصی پیر مصور خان نے کہیاں پلانٹیشن منصوبے کو آنے والی نسلوں کی بقاء کا ضامن قرار دیا، پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جنگلات کی پائیدار ترقی، فروغ اور تحفظ کے لئے صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button