خیبر پختون خوا میں سرکاری پرائمری سکولز کے ٹیچرز بھی اپنے حق کے لئے سڑکوں پر نکل آئے
ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی)خیبر پختون خوا میں سرکاری پرائمری سکولز کے ٹیچرز بھی اپنے حق کے لئے سڑکوں پر نکل آئے ۔ایبٹ آباد میں آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کا اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے لئے احتجاجی مظاہرہ،نعرہ بازی وریلی ،صوبائی حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لئے ڈیڈ لائن ، عدم توجہ پر پشاور میں دھرنا کے لئے بھی مشاورت مکمل کر لی ہے۔اس حوالے سے ایبٹ آباد پریس کلب کے بائر احتجاجی مظاہرہ سے آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد تنولی ،صدر عامر منصف ،جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن نے بتایا کہ پرائمری سکول ٹیچرز ،سینئر ٹیچر اور ہیڈ ٹیچرز کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے کابینہ کے اجلاس میں کیا ۔اور بعد ازاں ترمیم کے نام پر اپنے اس فیصلہ پر یوٹرن لیتے ہوئے واپس لے لیا۔مقررین کا کہنا تھا پہلے بھی اساتذہ نے شیلنگ ،مار اور گرفتاریاں دیکر اپنا آئینی ،اخلاقی حق حاصل کیا تھا جس پر صوبائی حکومت دوبارہ مکر چکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بنیادی تعلیم کے لئے دنیا میں اساتذہ کو مراعات اور بڑی تکریم حاصل ہے ،لیکن یہاں خیبر پختونخوا کے پرائمری اساتذہ اپنے حق کے لئے سڑکوں پر رُل رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں پہلے مرحلہ میں پریس کلبز کے بائر اساتذہ پرامن احتجاج شروع کر چکے ہیں جو مطالبات کی عدم منظوری پر تحریک کی شکل اختیار کرے گا اور صوبہ کے مردو خواتین اساتذہ پشاور میں دھرنا دینے سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فی الفور جائز مطالبات کو پورا کرکے تحفظات کو دور کرے ۔صوبہ میں محکمہ تعلیم میں دوہرا معیار کسی صورت قبول نہیں ہے۔انہوں نے دھمکی دی ہے اگر حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو اساتذہ پشاور کو جام کر دیں گے اور اس وقت تک نہیں اٹھیں گے جب تک مطالبات پورے نہیں ہو جاتے ۔اس موقع پراساتذہ کرام نے حکومت کے ظالمانہ فیصلوں کے خلاف نعرہ بازی بھی کی ہے۔


