سیلز ٹیکس آن سروسز کی عدم ادائیگی پر کیپرا کی بڑی کارروائی، سوات موٹروے پر واقع بڑے ریسٹورانٹ کا ریکارڈ ضبط
پشاور: خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے ڈائریکٹر جنرل فوزیہ اقبال کی ہدایات پر کیپرا مردان اور ملاکنڈ ریجن کی ٹیم نے سوات
پر واقع ایک بڑے ریسٹورانٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سیلز ٹیکس آن سروسز کی عدم ادائیگی اور خرد برد کی بنیاد پر کرنل شیر خان انٹرچینج پر قائم مشہور ہوٹل کا ریکارڈ سرکاری تحویل میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق، اسسٹنٹ کلکٹر وقار احمد کی سربراہی میں کیپرا کی ٹیم نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی وصولی کو یقینی بنانے کے لیے ریسٹورانٹ کا ریکارڈ قبضے میں لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران ریکارڈ سے ٹیکس چوری اور اصل واجب الادا ٹیکس سے کم ظاہر کرنے کے شواہد ملے ہیں، جس پر مزید جانچ جاری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے اس موقع پر کہا کہ ٹیکس کی عدم ادائیگی اور چوری کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ مذکورہ ریسٹورانٹ کی انتظامیہ کو کیپرا قوانین و ضوابط کے تحت نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور کیپرا مردان و ملاکنڈ ریجن کے متعلقہ انسپکٹر نے ریسٹورانٹ کے دورے بھی کئے تھے اور ریسٹورانٹ کے انتظامیہ سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ ریسٹورنٹس انوائس مانیٹرنگ سسٹم یعنی ریمز لگا لیں اور اس کا باقاعدہ استعمال کرنا شروع کرلیں تاہم ان کی جانب سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جارہا تھا جس کے بعد کیپرا کے قوانین و ضوابط کے مطابق یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔


