یونیورسٹیاں پاکستان کے سائنسی مستقبل کی ضامن ہیں: خالد حسین مگسی
اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدت کے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ جامعات پاکستان کے سائنسی، تحقیقی اور معاشی مستقبل کی بنیاد ہیں اور اعلیٰ تعلیم کے بغیر پائیدار ترقی کا خواب پورا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جو ادارے کے قیام کے 25 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔
تقریب میں وفاقی سیکریٹری وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ، ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس سفیر نفیس زکریا، وزارت کے سینئر افسران، فیکلٹی ممبران، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 25 سال مکمل ہونا محض وقت کا گزر جانا نہیں بلکہ ایک ایسے علمی اور تحقیقی سفر کی علامت ہے جو علم، جدت اور عالمی روابط پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی ایک وژنری تصور کے تحت قائم ہوئی اور آج پاکستان کے نمایاں تعلیمی اداروں میں شمار ہوتی ہے، جو معیاری تعلیم، اعلیٰ تحقیق اور بین الاقوامی سطح پر مضبوط روابط کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔
خالد حسین مگسی نے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، تحقیق کے فروغ اور انتظامی اصلاحات کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات کامسیٹس یونیورسٹی کو علاقائی اور عالمی سطح پر ایک ممتاز تحقیقی جامعہ بنانے کے عزم کا مظہر ہیں۔
وفاقی وزیر نے کامسیٹس یونیورسٹی کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی اصل طاقت ہوتے ہیں اور طلبہ کی فکری، اخلاقی اور پیشہ ورانہ تربیت میں ان کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام کا مستقبل جامعات میں ہی تشکیل پاتا ہے جہاں اساتذہ اپنی محنت اور رہنمائی سے نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والا دور جدید تحقیق، مصنوعی ذہانت، سائنسی اختراع اور بین الاقوامی تعاون کا ہوگا۔ اس لیے طلبہ، محققین اور تعلیمی منتظمین کو چاہیے کہ وہ تحقیق اور جدت کو اپنائیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
آخر میں وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی قیادت، فیکلٹی، افسران، ملازمین اور طلبہ کو سلور جوبلی کی کامیاب تقریبات پر دلی مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے تعلیمی اور تحقیقی مشن کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔


