قومی

گل پلازہ آتشزدگی ایک قومی المیہ ہے۔ بی جی سی گروپ متاثرہ تاجروں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ کھڑا ہے۔ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

بی جی سی گروپ کا متاثرہ تاجروں سے مکمل اظہارِ یکجہتی، فوری امداد اور فائر سیفٹی قوانین پر سخت عملدرآمد کا مطالبہ

بی جی سی گروپ کے چیف ایگزیکٹو سید امتیاز الحق بخاری نے کراچی کے اہم تجارتی مرکز گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ تاجروں بلکہ پورے شہر کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

انہوں نے آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی جی سی گروپ اس اندوہناک حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل نصیب ہو۔

سید امتیاز الحق بخاری کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کے تاجر برسوں کی محنت اور جدوجہد سے اپنے کاروبار کو پروان چڑھا رہے تھے، تاہم ایک اچانک حادثے نے ان کی جمع پونجی کو خاکستر کر دیا۔ اس نقصان کا درد ہر حساس دل محسوس کر سکتا ہے۔ بی جی سی گروپ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ تاجروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے حکومتِ وقت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا فوری، شفاف اور منصفانہ تخمینہ لگا کر انہیں مالی امداد فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی مستقبل میں ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور تمام تجارتی مراکز میں مؤثر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ایسے دلخراش واقعات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ انسانی جانوں کا تحفظ ہر چیز پر مقدم ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button