کیپرا کے سینئر افسران کی نو تعینات ڈی جی کیپرا کو مبارکباد

پشاور۔ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے سینئر افسران نے جمعہ کے روز نو تعینات ڈائریکٹر جنرل کیپرا ارم ناز کو بطور ڈی جی کیپرا ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں شیلڈ پیش کی۔
اس موقع پر سینئر افسران نے ڈی جی کیپرا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل کیپرا ارم ناز نے کہا کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتی ہیں اور تمام افسران کو ساتھ لے کر کیپرا کی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کو اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے احسن انداز میں نبھائیں گی اور کیپرا کو دیے گئے اہداف نہ صرف حاصل کرنے بلکہ مقررہ اہداف سے زائد محاصل جمع کرنے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات میں کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز سید کاظم حسین شاہ، ایڈوائزر برائے ٹیکس انفورسمنٹ فضل امین شاہ، ڈائریکٹر فنانس اسمہ خیبر، ڈائریکٹر انکوائری اینڈ انویسٹیگیشن پیر محمد محسود اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیومن ریسورس آفتاب غازی نے شرکت کی۔


