پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ہونے والے ہنگاموں سے پیدا ہونے والی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں والدین اور اساتذہ اپنا کردار ادا کریں۔

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ہونے والے ہنگاموں سے پیدا ہونے والی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں والدین اور اساتذہ اپنا کردار ادا کریں۔ حکومت بچوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔ عوام کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے معاملے کی شفاف انکوائری کرکے رپورٹ مرتب کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان، نائب صدر کرنل ر فواد حنیف ، سیکرٹری جنرل شمالی پنجاب محمد اعجاز ملک، افتخار حسین ملک، ضلعی صدر راولپنڈی ابرار احمد ایڈووکیٹ اور تحصیل جنرل سیکرٹری عدنان نثار نے لاہور کے نجی تعلیمی ادارے کے واقع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اس آگ کو ہوا دینے کی بجائے تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کالج واقع کے کچھ حقائق سامنے آئے ہیں مزید کی ضرورت ہے ۔ ایپسما کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ طلباء ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں میں کھیل کر اپنے وطن کو تباہ نہ کریں۔ راولپنڈی میں طلباء کی طرف سے کالجز پر حملہ اور توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے بروقت حفاظتی اقدامات کی بدولت اس سنگین صورتحال سے بچا جا سکتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ طلباء ہماری قوم کے بچے ہیں ان کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ رہنماؤں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ان ہنگاموں کے پیچھے چھپی قوتوں کو بے نقاب کرکے گرفتار کیا جائے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔



