عالمی

پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر ہانگ کانگ میں یادگاری تقریبات کا آغاز

پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان کی تاریخ، ورثے اور تنوع پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح کیا

عوامی جمہوریہ چین میں پاکستان کے سفیر، عزت مآب خلیل ہاشمی نے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے میں پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی یاد میں منعقدہ تقریبات کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر “پاکستان کی تاریخ، ورثہ اور تنوع کی تصویری جھلک” کے عنوان سے ایک خصوصی نمائش کا افتتاح کیا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور ثقافتی ہم آہنگی کو اجاگر کرنا تھا۔

یہ نمائش جے ڈی بی گروپ اور ہارویسٹ ایپوک اسٹریٹجک انٹرنیشنل انویسٹمنٹ گروپ کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جبکہ چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر نے بھی اس میں فعال کردار ادا کیا۔ نمائش میں چینی بچوں کی بڑی تعداد، خصوصاً پرائمری اسکول کے طلبہ نے شرکت کی، جس سے ثقافتی رابطوں کو فروغ ملا۔

یہ منصوبہ ابتدائی طور پر 2020 میں ترتیب دیا گیا تھا اور گزشتہ دو برسوں کے دوران اسے مزید وسعت دی گئی، جس کے نتیجے میں 80 اصل کولاجز تخلیق کیے گئے۔ ان کولاجز کو مختلف موضوعات کے تحت تاریخی ترتیب سے پیش کیا گیا اور ان کے ساتھ چینی زبان میں تراجم بھی شامل کیے گئے۔ یہ مجموعہ بطور ایک مستقل ثقافتی تحفہ جے ڈی بی ہانگ کانگ کو عطیہ کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان اور چین کے مابین مضبوط، پائیدار اور آزمودہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ 75ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز رواں ماہ بیجنگ میں ہوا جہاں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے مشترکہ طور پر یادگاری لوگو کا افتتاح کیا۔ سفیر نے کہا کہ یہ تصویری کولاجز پاکستان کی قدیم تہذیب، اسلامی ورثے، تحریکِ آزادی، جغرافیہ و قدرتی مناظر، تاریخی عمارات، مذہبی فنِ تعمیر، فنون و سائنس، کھیل، زبانوں اور عوام کے تنوع کو اجاگر کرتے ہیں، جو پاکستان کو ایک کثیر الجہتی اور ارتقا پذیر تہذیب کے طور پر پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور چین کے مابین ثقافتی ہم آہنگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے گندھارا آرٹ جیسے مشترکہ ورثے کا حوالہ بھی دیا۔ سفیر خلیل ہاشمی نے نمائش کے انعقاد پر جے ڈی بی ہانگ کانگ، ہارویسٹ ایپوک اسٹریٹجک انٹرنیشنل انویسٹمنٹ لمیٹڈ، چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر اور ہانگ کانگ میں شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

ہانگ کانگ کے دورے کے دوران سفیر پاکستان نے ہانگ کانگ میں چینی وزارتِ خارجہ کے کمشنر کوئی جیان چھون سے ملاقات کی، جبکہ کاروباری حلقوں سے روابط کے تحت ہانگ کانگ ٹریڈ ڈیولپمنٹ کونسل سے بھی ملاقات کی اور سائبرپورٹ کا دورہ کیا۔ ان تمام ملاقاتوں میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے تعلقات کو پاکستان۔چین اسٹریٹجک شراکت داری کے تناظر میں مزید مستحکم بنانے پر گفتگو کی گئی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button