پاکستان امن و استحکام کی علامت بن چکا ہے: سید ناصر حسین شاہ
گوجرانوالہ ایکسپو 2026 کا افتتاح، عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص اور سرمایہ کاری مواقع پر زور

وزیر بلدیات، ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان آج عالمی سطح پر امن، استحکام اور مؤثر سفارتکاری کی علامت بن چکا ہے اور دنیا بھر میں “شاباش پاکستان” کی صدا گونج رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ گوجرانوالہ ایکسپو 2026 کے افتتاح کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے ربن کاٹ کر نمائش کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس تقریب میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں، ملکی و غیر ملکی صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان آج سفارتکاری کا سلطان، امن کا پہچان نشان اور عالمی سطح پر اعتماد کی علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ کوششوں سے ملک میں امن و استحکام کو فروغ ملا ہے، جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے ایکسپو میں قائم مختلف صنعتی و تجارتی اسٹالز کا دورہ کیا اور مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ ایکسپو محض ایک نمائش نہیں بلکہ کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور صنعتی اشتراک کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے، جو دنیا کو واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کاروبار کے لیے تیار، مواقع سے بھرپور اور ایک قابل اعتماد ملک ہے۔
انہوں نے گوجرانوالہ کی صنعتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر اپنی معیاری مصنوعات کی بدولت عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتا ہے اور یہاں تیار ہونے والی اشیاء دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں برآمد کی جا رہی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ حکومت سندھ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ایکسپو انتظامیہ کی جانب سے “سب سے پہلے پاکستان” اور “پاکستان کھپے” جیسے نعروں کی حمایت کا اظہار بھی کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی نمائشیں نہ صرف برآمدات میں اضافے کا باعث بنتی ہیں بلکہ ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کرتی ہیں، جو معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔



