وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا: پیر چراغ الدین شاہ
یومِ تشکر تقریب میں قیادت کو خراجِ تحسین، عالمی امن میں کردار پر نوبل انعام کا مطالبہ

ممتاز عالم دین پیر چراغ الدین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنی دانشمندانہ قیادت سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جامعہ سراجیہ نظامیہ اصغر مال راولپنڈی میں منعقدہ یومِ تشکر کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی امن شدید خطرے سے دوچار تھا اور ایک ماہ سے تباہی و بربادی کا سلسلہ جاری تھا۔ ایسے نازک وقت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی قیادت سے ایک بڑا کام لیا اور ممکنہ جنگ کو رکوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پیر چراغ الدین شاہ نے کہا کہ قوم نواز شریف، شہباز شریف اور عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جن کی قیادت میں پاکستان آج عالمی سطح پر نمایاں حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں نواز شریف کا کردار تاریخی ہے، جبکہ موجودہ قیادت خطے میں امن و استحکام کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور مختلف ممالک کے مندوبین امن مذاکرات کے لیے یہاں آ رہے ہیں، جو پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور اتحاد ناگزیر ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ایران اور افغانستان سمیت تمام مسلم ممالک کو باہمی اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنی مشترکہ طاقت کو یکجا کر کے اپنے تشخص، تہذیب اور اقدار کو مضبوط بنانا چاہیے۔
آخر میں پیر چراغ الدین شاہ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو عالمی امن کے قیام کے لیے کوششوں کے اعتراف میں نوبل امن انعام دیا جائے۔



