٭ پولیس جوان سخت محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں، کامیابی ان کے قدم چومے گی۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید
٭ پولیس عوام کی توقعات کو مدنظر رکھ کر اپنے فرائض منصبی بطریق احسن انجام دیں۔ آئی جی پی ذوالفقار

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پُر امن معاشرے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے اور فورس کے جوانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ ملکر امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات اُٹھائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے آج ایبٹ آباد پولیس لائنز میں ہزارہ ریجن کے پولیس افسران و جوانان کے ایک دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ جسمیں ہزارہ ریجن کے تمام یونٹ بشمول ایلیٹ ،سی ٹی ڈی، ایف آر پی، ٹریفک اور سپیشل برانچ کے ہر رینک کے افسران و جوانان کے علاوہ ہزارہ ریجن کے شہداءکے بچوں نے بھی شرکت کی۔ ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی، ڈی پی اوز ایبٹ آباد ، ہری پور، مانسہرہ، بٹ گرام، تور غر، لوئر کوہستان، آپر کوہستان اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پی نے دربار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس بہت دلیر اور نڈر پولیس فورس ہے جسکے سرفروش جوانوں نے پہلے بھی وسائل اور جدید ہتھیاروں کی کمی کے باوجود

دہشت گردوں کا ڈٹ کر نہ صرف مقابلہ کیا بلکہ انہیں بری طرح شکست دی اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ شرپسندوں کے اوچھے ہتکھنڈوں سے ہوشیار رہیں اور انہیں ایک بار پھر ذلت امیز شکست سے دو چار کریں۔ آئی جی پی نے کہا کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بنانا ان کا مشن ہے اورفورس کے جوانوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف عوام کا اعتماد حاصل کریں اور عوامی پولیسنگ کو فروغ دیکر ڈیوٹی ادا کریں۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کی ڈیوٹی عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی توقعات پر پُورا

اُترتے ہوئے فرائض سرانجام دیں، سخت محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں، اللہ تعالیٰ انہیں قدم قدم پر کامیابی و کامرانی عطا کرے گا۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے اور حالات کار بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ دربار میں پولیس افسران و جوانان نے اپنے ذاتی و اجتماعی مسائل پیش کئے۔ آئی جی پی نے تمام مسائل توجہ سے سنے جن میں سے بعض کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے جبکہ باقی مسائل پر متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے بعد ازاں ریجنل پولیس آفس میں ہزارہ ریجن کے افسران کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ آر پی او ہزارہ ناصر محمود ستی نے انہیں علاقے کی سیاسی، سماجی صورتحال اور کرائمز کے بارے تفصیلا بریفنگ دی۔


