قومی

وفاقی وزیر اطلاعات کی پارٹی کارکنان سے ملاقات

مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، معاشی استحکام اور ترقی کے ایجنڈے پر پوری طرح کاربند ہے، عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ملک کو معاشی استحکام کے بعد ترقی کی نئی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور معیشت میں بہتری کے واضح آثار دکھائی دے رہے ہیں، جس سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

لاہور۔12 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے اور موجودہ حکومت بھی اسی وژن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ، بروقت اور مؤثر فیصلے کیے گئے ہیں، جن کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں، منتخب عوامی نمائندوں، چیئرمینز، وائس چیئرمینز، کونسلرز، خواتین رہنماؤں اور پارٹی کارکنان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی تنظیمی امور، حلقے کے عوامی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ برس حکومت کی جانب سے کیے گئے معاشی اقدامات اور قومی سطح پر اہم فیصلوں کے باعث پاکستان کو عالمی برادری میں ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب عدم استحکام کے دور سے نکل کر ترقی کے سفر میں داخل ہو چکا ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت وزیراعظم کی سربراہی میں معیشت کی بحالی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، نوجوانوں کے لیے سہولیات اور سماجی شعبوں میں اصلاحات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد صرف اعداد و شمار کی بہتری نہیں بلکہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی تبدیلی لانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بھی صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے، جس سے عوام کو صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور حکومت کے مثبت اقدامات کو نچلی سطح تک پہنچائیں۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے کارکنان اور عوامی نمائندوں کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے مؤثر رابطے کی یقین دہانی کرائی۔ شرکا اجلاس نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، عوامی توقعات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ تقریباً تین گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button