عالمی

وزیر مملکت وجیہہ قمر اور یونیسکو کے درمیان تعلیم سے محروم بچوں کی واپسی کے لیے حکمتِ عملی پر غور

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں تعلیمی ایمرجنسی، اسکول سے باہر بچوں اور تعلیمی شمولیت پر تفصیلی تبادلۂ خیال

وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے یونیسکو پاکستان کے سربراہ مسٹر فواد پاشایف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں ملک کو درپیش اہم تعلیمی چیلنجز، خصوصاً اسکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیم تک رسائی، معیار اور شمولیت سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مربوط اور تیز رفتار اقدامات ناگزیر ہیں۔ وزیر مملکت وجیہہ قمر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے نافذ کردہ تعلیمی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے حکومتِ پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن قومی ترقی کے مرکز میں تعلیم کو رکھتا ہے، جس میں اسکول سے باہر بچوں کا اندراج، تعلیمی نتائج میں بہتری اور عالمی معیار سے ہم آہنگ ایک مضبوط اور مستحکم تعلیمی نظام کی تشکیل شامل ہے۔ وزیر مملکت نے واضح کیا کہ وزارتِ تعلیم اس وژن کے مطابق کام کرتے ہوئے بالخصوص محروم اور پسماندہ طبقات تک تعلیمی سہولیات کی رسائی بڑھا رہی ہے۔

اس موقع پر یونیسکو پاکستان کے سربراہ مسٹر فواد پاشایف نے وزیر مملکت کو پاکستان میں یونیسکو کے جاری اور آئندہ منصوبوں سے آگاہ کیا، جن میں شرحِ خواندگی میں بہتری، تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا، بچیوں کی تعلیم کا فروغ، ہنگامی حالات میں تعلیم کی فراہمی اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے ہدف نمبر چار کے تحت معیاری اور مساوی تعلیم کے حصول کے لیے یونیسکو کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔

وزیر مملکت وجیہہ قمر نے یونیسکو کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ کاوشوں کو وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے تعلیمی ایمرجنسی سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید طریقۂ کار، کمیونٹی شمولیت اور اعداد و شمار پر مبنی منصوبہ بندی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

ملاقات کے اختتام پر وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور یونیسکو پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، تاکہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ایک جامع، مضبوط اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام تشکیل دیا جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button