عالمی

وزیراعظم کا بنگلہ دیش کے عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کا سابق بنگلہ دیشی وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیاء کو خراجِ عقیدت، تعزیتی کتاب میں تاثرات قلمبند

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق وزیرِاعظمِ بنگلہ دیش اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مرحومہ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے ملاقات کے دوران دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء جنوبی ایشیا کی سیاست کی ایک نمایاں اور باوقار شخصیت تھیں جنہوں نے جمہوریت، عوامی فلاح اور سیاسی استحکام کے لیے طویل جدوجہد کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء کا شمار ان رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ خطے کی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے۔

تعزیتی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے بیگم خالدہ ضیاء کو ایک مدبر، دوراندیش اور اصول پسند سیاسی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی تھیں اور ہمیشہ اپنے نظریات پر ثابت قدم رہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحومہ نے بنگلہ دیش کی سیاست میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں اور ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیاء کو پاکستان کی مخلص دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیگم خالدہ ضیاء نے باہمی احترام، علاقائی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیشہ تعمیری رویہ اپنایا، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال ہے۔

وزیراعظم نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے مرحومہ کے اہلِ خانہ، سیاسی رفقاء، چاہنے والوں اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، جبکہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے حکومتِ پاکستان پرعزم ہے۔

یہ دورہ خطے میں باہمی احترام، ہمدردی اور سفارتی روایات کی عکاسی کرتا ہے، جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button