قومی

وزیراعظم کا این آئی ٹی بی جائزہ اجلاس

ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو حکومتی سہولیات کی آسان فراہمی، حج کے تمام مراحل اسی سال ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے شہریوں کو حکومتی سہولیات تک آسان، تیز اور شفاف رسائی فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسی سال حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جائے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایات نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے امور سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں این آئی ٹی بی کی جاری اصلاحات، ڈیجیٹل گورننس، شہری سہولیات اور ای گورنمنٹ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کے لیے کی جانے والی بھرپور تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مراکز عوام کو ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان مراکز کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے تاکہ عوام کو فوری اور معیاری خدمات میسر آ سکیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حجاج کرام کے لیے حج درخواست، رجسٹریشن، ادائیگی، ویزا اور دیگر تمام مراحل کو ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا جائے تاکہ شفافیت، سہولت اور وقت کی بچت ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے متعارف کرائے گئے کیو آر بیسڈ فیڈ بیک سسٹم پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام کے جائزے کے لیے جلد خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کے بعد ادارے کے مکمل ڈھانچے کو عصری تقاضوں کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں شہریوں کے لیے آسان خدمت مرکز کے قیام کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ سرکاری شعبے کے تمام اداروں کے لیے ایک محفوظ اور جدید موبائل ایپ بھی جلد متعارف کرائی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہسپتالوں میں بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ’’ون پیشنٹ، ون آئی ڈی‘‘ کے مربوط نظام پر کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جس سے نہ صرف ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر ہو گی بلکہ مریضوں کی مؤثر دیکھ بھال بھی ممکن ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ بگ ڈیٹا کے استعمال سے عدلیہ کے لیے ایک جدید اینالیٹکس ڈیش بورڈ بھی تیار کیا جا رہا ہے جو فیصلہ سازی کے عمل میں معاون ثابت ہو گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی اس وقت 145 سے زائد سرکاری ویب سائٹس، 126 سے زائد آن لائن پورٹلز اور 31 سے زائد موبائل فون ایپلی کیشنز کا انتظام و انصرام کر رہا ہے، جو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تکمیل میں اہم سنگ میل ہیں۔ وزیراعظم نے این آئی ٹی بی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور ڈیجیٹل اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button