سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹس آن ریکارڈ اور لٹیگنٹ فسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح
چیف جسٹس کی موجودگی میں جدید سہولیات سے آراستہ عوام دوست مرکز قائم، عدالتی خدمات میں مزید بہتری کا عزم

سپریم کورٹ آف پاکستان میں عدالتی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر ایڈووکیٹس آن ریکارڈ (AOR) اور لٹیگنٹ فسیلیٹیشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس مرکز کا افتتاح سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر حارون الرشید نے اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ کیا۔
افتتاحی تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ کے معزز ججز بھی شریک تھے۔ یہ جدید سہولت سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے عدالت کے احاطے میں قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد وکلاء اور سائلین کو عدالتی امور میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
نئے قائم ہونے والے اس مرکز کے ذریعے ایڈووکیٹس آن ریکارڈ کو طریقہ کار، کیس فائلنگ، دستاویزی تقاضوں اور دیگر متعلقہ امور میں منظم رہنمائی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ سائلین کی بہتر انداز میں معاونت کر سکیں۔ اس اقدام سے عدالتی معاملات میں غیر ضروری تاخیر کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
لٹیگنٹ فسیلیٹیشن سینٹر کو ون ونڈو، واک اِن سروس ماڈل کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے، جو عوام دوست خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ اس کا مقصد ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری، فوری رسپانس اور سائلین کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانا ہے۔
اعلیٰ عدالتی حکام کے مطابق یہ مرکز سائلین، وکلاء اور عدالتی انتظامیہ کے درمیان ایک مؤثر رابطہ ثابت ہوگا، جس سے انصاف کے نظام میں شفافیت، تیزی اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ سپریم کورٹ کا یہ اقدام عدالتی اصلاحات کے تسلسل کی ایک نمایاں مثال قرار دیا جا رہا ہے۔


