عالمی

وزیراعظم شہباز شریف کی ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ آمد

عالمی اقتصادی اجلاس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات اور بہتر ہوتے اشاریوں کو اجاگر کیا جائے گا

وزیراعظم محمد شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے چھپن ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق زیورخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے محمد بلال، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر مرغوب سلیم اور سفارتی عملے کے دیگر ارکان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے جہاں وہ پاکستان میں جاری معاشی استحکام کے عمل، ساختی اصلاحات اور بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں پر روشنی ڈالیں گے۔ اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم پاکستان کی میزبانی اور ورلڈ اکنامک فورم کی شراکت داری سے منعقد ہونے والے بزنس راؤنڈ ٹیبل میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ پاکستان کے اقتصادی وژن اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے ٹرپل او پروگرام، یعنی آرڈر، آپرچونیٹی اور آپٹیمائزیشن کے خدوخال بھی پیش کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button