قومی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور حج پالیسی دو ہزار ستائیس تا دو ہزار تیس پر اہم فیصلے

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت، حج انتظامات، توانائی کے شعبے اور اقتصادی فیصلوں سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے آغاز میں وفاقی کابینہ کو وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام جاری ہونے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ قومی کرنسی کے نئے نوٹ جدید عالمی معیار، سیکیورٹی فیچرز اور عصری تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیے جا رہے ہیں تاکہ جعلی کرنسی کے امکانات کو کم کیا جا سکے اور پاکستانی کرنسی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ بریفنگ میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ اس عمل کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیزائن کے حوالے سے معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے معاملے پر مزید غور و خوض کے لیے ایک خصوصی کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں قومی تشخص، ثقافتی اقدار اور جدید سیکیورٹی عناصر کو مدنظر رکھا جائے تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

اجلاس میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے پیش کردہ پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کے مسودے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ مجوزہ پالیسی کے تحت پرائیویٹ حج آپریٹرز کمپنیز کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے رجسٹریشن اور جانچ پڑتال کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ عازمین حج کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہو۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ اراکین کی آراء کی روشنی میں پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کے مسودے کو مزید غور و خوض کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ حج جیسے مقدس فریضے کے انتظامات میں شفافیت، سہولت اور جوابدہی کو اولین ترجیح دی جائے۔

اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025 کو منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کر دی۔ ان فیصلوں کا مقصد توانائی کے شعبے میں اصلاحات، وسائل کے مؤثر استعمال اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

اسی طرح وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دے دی۔ ان فیصلوں کا تعلق ملکی معاشی استحکام، ترقیاتی منصوبوں اور مالی نظم و ضبط سے ہے، جن پر عملدرآمد کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مجموعی طور پر حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی مفاد، شفافیت اور گورننس میں بہتری کے لیے تمام اقدامات بلا تعطل جاری رکھے جائیں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button