ہزارہ

والدین پولیو سے متعلق افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد اقبال

ایبٹ آباد: پختونخوا ریڈیو ایبٹ آباد FM 92.4 کے پروگرام ”صحت زندگی” میں منگل کے روز پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ پروگرام میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد ڈاکٹر شہزاد اقبال نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا موضوع ”پولیو کا خاتمہ — والدین، معاشرہ اور ریاست کی مشترکہ ذمہ داری” تھا، جس پر تفصیلی اور جامع گفتگو کی گئی۔ڈاکٹر شہزاد اقبال نے پولیو کی وجوہات، اس کے پھیلاؤ، ویکسین کی افادیت اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے میں حفاظتی ٹیکوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے والدین کے کردار، پولیو سے متعلق عام غلط فہمیوں اور ان کے ازالے پر بھی مفصل گفتگو کی۔ پروگرام میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پولیو سے پاک پاکستان کے لیے والدین، معاشرے اور ریاست کو مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ ڈی ایچ او ایبٹ آباد نے کہا کہ شہری پولیو کے حوالے سے کسی قسم کی افواہوں اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں انھوں نے کہا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے اور ماں کبھی بھی بچوں کا برا نہیں چاہتی۔ انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی قومی مہم دو فروری سے شروع ہو رہی ہے جس کے دوران والدین اپنے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔ بار بار پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے بچوں میں پولیو کے خلاف قوت مدفعت پیدا ہوتی ہے۔ انھوں نے بچوں کو دیگر بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔ سامعین نے پروگرام میں فون کال کے زریعے صحت عامہ سے متعلق اس اہم موضوع پر فراہم کی گئی معلومات کو سراہا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button