نوجوانوں کو تعلیم و ہنر میں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے لیے ٹھوس اقدامات جاری ہیں: رانا مشہود
میرٹ کے فروغ کے بغیر ترقی ممکن نہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مؤثر ذریعہ قرار ت

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ میرٹ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت حکومت نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی، فیکلٹی ممبران، ڈینز، ڈائریکٹرز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں اور قومی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم فراہم کرنے اور انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس کا مقصد وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اور ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت ہمیشہ حکومت کی ترجیح رہی ہے اور تعلیمی اداروں سے بوٹی مافیا کے خاتمے کے ذریعے میرٹ کو فروغ دیا گیا۔ رانا مشہود نے کہا کہ ماضی میں تعلیمی بورڈز میں ٹاپ پوزیشنز مخصوص طبقے تک محدود تھیں، تاہم شفاف نظام کے نفاذ کے بعد آج مزدور، رکشہ چلانے والے اور تندور پر کام کرنے والے والدین کے بچے بھی اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے حافظ آباد کے اس طالب علم کی مثال دی جس نے تندور پر کام کرنے کے باوجود پنجاب کے تعلیمی بورڈ میں اعلیٰ نمبرز حاصل کر کے 125 سالہ ریکارڈ توڑا۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل یونیورسٹیوں کے اندر ہے اور ہمیں تعلیمی اداروں میں ریسرچ بیسڈ تعلیم کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تعلیم اور تحقیق کے انداز تیزی سے بدل رہے ہیں، لہٰذا ہمیں بھی جدت اور جدید تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔
رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم 2025/26 کے تحت ملک بھر میں مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپس طلبہ میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کی تعلیمی اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت پہلے ہی لاکھوں لیپ ٹاپس میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں جنگی برتری کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی میں بھی اپنی برتری ثابت کی ہے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان سفارتی محاذ پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندھیروں کا دور ختم ہو چکا ہے اور ملک ترقی اور روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔


