عالمی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا جدہ میں قونصل جنرل آف پاکستان کی نئی چانسری عمارت کا افتتاح

نئی چانسری عمارت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جدید، مؤثر اور تیز تر قونصلر سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم قرار

نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں قونصل جنرل آف پاکستان کی نئی چانسری عمارت کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس اہم موقع پر سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، جدہ میں قونصل جنرل آف پاکستان سید مصطفیٰ ربانی، سعودی معززین، ممتاز پاکستانی شخصیات، کمیونٹی رہنما اور پاکستانی قونصل خانے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کے دوران نئی چانسری عمارت کے احاطے میں قومی پرچم لہرایا گیا جس کے بعد فیتہ کاٹا گیا اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی گئی۔ تقریب میں شجرکاری بھی کی گئی جو پاک سعودی دوطرفہ تعلقات، دوستی اور مستقبل کی ترقی و خوشحالی کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تقریب کے دوران ایک مختصر ویڈیو رپورٹ پیش کی گئی جس میں نئی چانسری عمارت کے منصوبے کی تفصیلات، تعمیراتی مراحل، جدید طرزِ تعمیر اور فراہم کی جانے والی سہولیات کو اجاگر کیا گیا۔ ویڈیو رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئی عمارت کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں قونصلر خدمات کے لیے کشادہ دفاتر، بہتر انتظار گاہیں، جدید سیکیورٹی نظام اور عوام دوست سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کی انتظامیہ اور سعودی حکام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں یہ اہم منصوبہ کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطنِ عزیز کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومتِ پاکستان ان کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے۔

اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بیرونِ ملک پاکستانیوں کو تیز، شفاف اور مؤثر قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی چانسری عمارت نہ صرف قونصل خانے کی انتظامی کارکردگی کو بہتر بنائے گی بلکہ پاکستانی کمیونٹی کو ایک باوقار اور سہل ماحول میں خدمات میسر آئیں گی، جس سے عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔

افتتاح کے بعد نائب وزیراعظم نے نئی عمارت اور اس میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قونصل خانے کی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام انتظامی امور اور قونصلر خدمات جلد از جلد نئی چانسری عمارت میں منتقل کی جائیں تاکہ عوام کو فوری طور پر اس کے فوائد حاصل ہو سکیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے مغربی خطے میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان پاکستانیوں کو پاسپورٹ، ویزا، نادرا، قانونی معاونت اور دیگر قونصلر خدمات کے لیے جدہ میں پاکستانی قونصل خانے سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔ نئی چانسری عمارت ان تمام خدمات کو مزید منظم، سہل اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

نئی چانسری عمارت کا افتتاح نہ صرف بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ پاک سعودی تعلقات کے استحکام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کا عملی مظہر بھی ہے۔ حکومتی حلقوں کے مطابق نئی سہولیات سے پاکستانی کمیونٹی کو بہتر خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اور قونصل خانے کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button