نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور تھائی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ
داؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سوئٹزرلینڈ کے شہر داؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سہاسک پھوانگکیٹکیو سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر خیالات کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے تناظر میں قریبی روابط اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 برس مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی اور مستقبل میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔


