ہزارہ

مشیر سیاحت کی جب ویلی آبشار اور مدین واقعات پر اظہار افسوس

عوام اپنی منتخب صوبائی حکومت پر بھروسہ رکھیں اور کبھی قانون ہاتھ میں نہ لیں۔ مشیر سیاحت

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے جب ویلی ہزارہ آبشار میں دو نوجوانوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ درایں اثناء زاہد چن زیب نے محکمہ سیاحت کو مقامی انتظامیہ کے تعاون سے ہزارہ سے موسوم جب ویلی میں موجود تمام آبشاروں کے پاتھ ویز کا جائزہ لیکر ان سے ملحقہ چھوٹی جھیلوں کے گہرائی والے مقامات کو محفوظ بنانے کی ہدایت کی ہے کیونکہ ذرائع کے مطابق ان جگہوں پر مقامی لوگ نہانے کے علاؤہ سیاح بھی بڑی تعداد میں پہنچ جاتے ہیں اور بعض عوامی شکایات کے تحت ایسے سانحات زیادہ گہرائی والے مقامات پر نوجوان تیراکوں کے چھلانگ لگانے سے رونما ہوتے ہیں۔ مشیر سیاحت نے صوبے بھر میں آبشاروں پر سیاحوں کی سہولت کیلئے خصوصی اور محفوظ نظارہ گاہیں بنانے کی ہدایت بھی کی۔ زاہد چن زیب نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبے بھر کے صحت افزاء مقامات پر چار لاکھ سے زائد سیاحوں کی آمد اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کو اچھی پیشرفت قرار دیتے ہوئے اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس ضمن میں محکمہ سیاحت اور ریسکیو اداروں کے علاؤہ ڈویژنل و مقامی انتظامیہ کی تعریف کی تاہم انہوں نے اس بات پر بھی اظہار تاسف کیا کہ عید پر امن و امان کے بہترین ماحول میں ریکارڈ تعداد میں سیاحوں کی آمد اور خوشگوار یادوں کے ساتھ واپسی کے باوجود مدین کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا جس میں دوسرے صوبے سے آئے مسافر کی قرآن مجید بیحرمتی الزام میں ہلاکت ہوئی۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اس واقعہ میں سیاحتی مقامات کی بدنامی کی سازش بھی خارج از امکان نہیں۔ زاہد چن نے صوبے کے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال پر قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی بجائے اپنی منتخب عوامی حکومت پر مکمل اعتماد رکھیں جو قومی، دینی و ملی تمام معاملات میں انہیں کبھی مایوس نہیں کرے گی اور عوامی امنگوں کے مطابق فوری فیصلے اور اقدامات یقینی بنائے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button