
فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے سفارت خانۂ پاکستان میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایسوسی ایشن آف پاکستانی فرانکوفون پروفیشنلز سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان اور فرانس کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
سفیرِ پاکستان نے کہا کہ اگرچہ حکومتیں دو طرفہ تعلقات کے لیے فریم ورک اور معاہدے تشکیل دیتی ہیں، تاہم پیشہ ور افراد، ماہرینِ تعلیم، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندے ہی ان تعلقات کو حقیقی معنوں میں مضبوط اور متحرک بناتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان پروفیشنلز اینڈ ریسرچرز فورم (پی پی آر ایف) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فرانکوفون پروفیشنلز پاکستانی اور فرانسیسی معاشروں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے اقدامات دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔



