صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی پاک بحریہ کے کامیاب ریسکیو آپریشن کی تعریف
گوادر سے 1500 کلومیٹر دور کھلے سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ پر پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کی جانب سے گوادر سے تقریباً پندرہ سو کلومیٹر دور کھلے سمندر میں انجام دیے گئے کامیاب ریسکیو آپریشن کو سراہتے ہوئے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، فوری ردِعمل اور انسانی ہمدردی پر مبنی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ نے انتہائی دشوار حالات میں اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سمندر میں پھنسے افراد کی جانیں بچائیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک بحریہ ہر وقت قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے تیار رہتی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ ریسکیو آپریشن نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ایک مثالی اقدام ہے۔
صدرِ مملکت نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون اور پی این ایس تبوک کے افسران اور عملے کی خصوصی طور پر تعریف کی، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے قومیت، رنگ اور نسل سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کو اولین ترجیح دی، جو ایک ذمہ دار اور پیشہ ور بحری قوت ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاک بحریہ خطے میں امن، استحکام اور سمندری سلامتی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس طرح کے ریسکیو آپریشنز سے عالمی برادری میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی تربیت، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمت قابلِ ستائش ہے۔
صدرِ مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج، بالخصوص پاک بحریہ، آئندہ بھی سمندری حدود میں انسانی جانوں کے تحفظ اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے اپنا کردار پوری پیشہ ورانہ مہارت سے ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔



