سیاحت کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کیلئے انفراسٹرکچر اور سہولیات کی ترقی ناگزیر ہے: قیصر احمد شیخ
وفاقی وزیر کا سسٹین ایبل ٹورازم فورم سے خطاب، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ قرار

وفاقی وزیر اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی حقیقی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے انفراسٹرکچر اور سہولیات کی ترقی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین صدیوں پرانی تہذیبوں اور متنوع ثقافتوں کا گہوارہ ہے جو سیاحت کے فروغ کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔
وفاقی وزیر بدھ کے روز سسٹین ایبل ٹورازم فورم اینڈ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس کا اہتمام اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈیولپمنٹ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، حکومتِ سندھ اور دیگر سرکاری و نجی اداروں کے اشتراک سے کیا۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک کا مرکز رہا ہے اور یہاں ہندو مت، بدھ مت اور سکھ مت سمیت مختلف مذاہب اور ثقافتوں نے جنم لیا۔ انہوں نے کہا کہ ساحلی پٹی سے لے کر دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹیوں تک پھیلے دلکش مناظر، تاریخی اور آثارِ قدیمہ کے مقامات پاکستان کو سیاحت کے بے شمار مواقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبے کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے مراعات بھی دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کیلئے انفراسٹرکچر اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔
حالیہ اسٹریٹجک اور مالیاتی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم ملک ہے جو اپنے اندرونی مسائل کے حل کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے وژن اور اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں ملک نے نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے۔
قیصر احمد شیخ نے حلال فوڈ کے شعبے میں موجود مواقع پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مربوط کوششوں کے باعث حلال فوڈ مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، بالخصوص ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر مسلم ممالک کی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بڑھی ہے۔
انہوں نے اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈیولپمنٹ، ایف پی سی سی آئی اور دیگر شراکت دار اداروں کو فورم اور ایکسپو کے انعقاد پر سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس باہمی روابط کو فروغ دینے اور اقتصادی تعاون و تجارتی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فورم ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومتی کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔
تقریب سے اسلامی چیمبر کے سیکرٹری جنرل یوسف حسن خلاوی اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے بھی خطاب کیا اور فورم و ایکسپو کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔


