سندھ حکومت کا غیر محفوظ عمارتوں کی فوری خالی کرانے کا فیصلہ، 588 انتہائی خطرناک قرار
کراچی سمیت صوبے بھر میں خطرناک عمارتوں کے خلاف کارروائی، رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں غیر محفوظ اور خستہ حال عمارتوں کی فوری نشاندہی کے بعد انہیں خالی کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 588 عمارتوں کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے، جن میں سے بڑی تعداد کراچی میں واقع ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق 471 عمارتیں اسٹرکچرل کنڈیشن کے اعتبار سے ناقابلِ رہائش قرار دی جا چکی ہیں۔ حکومت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ عمارتوں کے مالکان کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو مشترکہ طور پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
عوامی حلقوں نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے متبادل رہائش کا فوری انتظام کیا جائے۔



